اپوزیشن لیڈر انور ابراہیم ملائیشیا کے دسویں وزیراعظم بن گئے

Published On 24 November,2022 05:28 pm

کوالالمپور(ویب ڈیسک) ملائیشیا کے اپوزیشن لیڈر انور ابراہیم کو ملک کا نیا وزیراعظم نامزد کر دیا گیا۔

ملائیشیا میں ہونےوالے حالیہ انتخابات بے نتیجہ رہے اور کوئی سیاسی جماعت بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہ آ سکی، جس سے ملک میں ایک سیاسی بحران پیدا ہو گیا۔ اس بحران کا خاتمہ کرنے کے لیے بادشاہ نے اپوزیشن لیڈر انور ابراہیم کو وزیراعظم نامزد کیا۔

ملائیشیا میں سادہ اکثریت سے جیتنے کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت کو 112 نشستیں حاصل کرنی ہوتی ہیں تاہم حالیہ الیکشن میں دونوں بڑی جماعتیں ہی مطلوبہ نشستیں حاصل نہ کر سکیں۔ انور ابراہیم کی پارٹی نے 82 جبکہ سابق وزیراعظم محی الدین یاسین کی جماعت نے 73 نشستیں حاصل کیں۔

بے نتیجہ الیکشن سے پیدا ہونے والا ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے بادشاہ نے انور ابراہیم اور محی الدین یاسین کو طلب کیا اور مذاکرات کے ذریعے معاملے کو سلجھانے کی کوشش کی مگر ناکام رہے، جس پر انہوں نے انور ابراہیم کو وزیراعظم نامزد کر دیا۔

انور ابراہیم ملائیشیا کے دسویں وزیراعظم نامزد ہوئے ہیں۔ وہ دہائیوں سے اپوزیشن لیڈر چلے آ رہے ہیں۔ 1990 کی دہائی میں مہاتیر محمد کے ساتھ قربت کی بدولت وہ ان کے نائب وزیراعظم بننے کے قریب تھے کہ دونوں کے مابین 1997-98 میں آنے والے ایشیائی مالیاتی بحران سے نمٹنے کے معاملے پر تلخی پیدا ہوئی جس نے انور ابراہیم کو اقتدار سے ایک بار پھر دور کر دیا۔ اس کے بعد اب جا کر اقتدار کا ہما ان کے سر بیٹھا ہے۔
 

Advertisement