ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض میں شاہ سلمان بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ماسٹر پلان کا افتتاح کر دیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض میں جس بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ماسٹر پلان کا افتتاح کیا ہے توقع ہے کہ یہ دنیا کے سب سے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک ہوگا، اس ہوائی اڈے کا منصوبہ دارالحکومت ریاض کو دنیا کی سر فہرست 10 معیشتوں میں شامل کرنے کے ویژن کا حصہ ہے۔
یہ منصوبہ دارالحکومت کی آبادی میں اضافے اور ضروریات کو پورا کرنے کے لئے وضع کیا گیا ہے، 2030ء تک ریاض کی آبادی ڈیڑھ سے دو کروڑ کے درمیان ہونے کی توقع ہے، اس ہوائی اڈے سے ریاض کی عالمی لاجسٹکس مرکز کی حیثیت میں بھی اضافہ ہوگا اور مملکت میں تجارت اور سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔