کیف: (ویب ڈیسک) طیارہ تباہ ہونے کے بعد ’خون آلود سیلفی‘ لینے والا پائلٹ یوکرین کا ہیرو بن گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے صدر زیلنکسی نے روس کیخلاف جنگ میں حصہ لینے والے یوکرینی پائلٹ ویڈائم ووروشائلوف کو فائٹر جیٹ تباہ ہونے سے قبل نکل کر اپنے ’خون آلود‘ چہرے کی سیلفی بنانے ’ہیرو آف یوکرین‘ کا خطاب دیدیا۔
رپورٹ کے مطابق ووروشائلوف نے اکتوبر میں یوکرین کے شہر وینتسیا کے اوپر ڈرون کو نشانہ بنایا تھا، ڈرون کا ملبہ ان کے جہاز پر گرا، جس سے وہ توازن کھو بیٹھا اور گرنے والا تھا تاہم اسی وقت وہ جہاز سے نکل گئے، ڈرون کا کچھ ملبہ ان کی گردن اور چہرے سے ٹکرایا جس سے وہ زخمی ہوگئے تھے۔
میڈیا کے مطابق یوکرینی پائلٹ نے اس موقع پر ایک سیلفی بنائی اور تھمب اپ کے اشارے کے ساتھ شیئر کردی، انہوں نے کیپشن میں لکھا ’ہمیں کوئی بھی نہیں توڑ سکتا‘۔
وورو شائلوف نے مزید لکھا کہ ’یوکرینی فوج ناصرف اپنے ملک بلکہ پوری مہذب دنیا کا دفاع کررہی ہے، یہی وہ ڈھال ہے جو مغربی دنیا کو محفوظ رکھ رہی ہے، مگر یہ دفاع یوکرین کے بیٹوں کو بہت مہنگا پڑ رہا ہے، اس لئے آپ کو سمجھنے اور یاد رکھنے کی ضرورت ہے‘۔