دبئی میں یہودی برادری کیلئے خلیج عرب کی پہلی کوشر مارکیٹ کا افتتاح

Published On 14 December,2022 03:45 am

دبئی : (ویب ڈیسک ) امارات میں مقیم یہودی برادری کو سہولیات کی فراہمی کیلئے خلیج عرب کی پہلی کوشر سپر مارکیٹ کا دبئی میں افتتاح کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہودی برادری کی سہولت کیلئے بنائے گئے سٹور کا نام    ریمون    رکھا گیا ہے جو کہ دبئی کے علاقے الوصل میں کھولا گیا ہے۔

امارات سے تعلق رکھنے والے سٹور کے مالک ربی لیوی ڈچمین کا کہنا ہے کہ یہ سٹور امارات میں یہودی برادری کی ناقابل یقین ترقی کی علامت ہے اور ہمیں ممنون احسان کرنے کی حد تک آزادی دی گئی ہے۔

ربی نے کہا کہ ہمیں امید ہے اس منصوبے کے ذریعے ہم بہت سے مزید یہودی خاندانوں کو متحدہ عرب امارات میں منتقل ہونے اور رہنے کے قابل بنائیں گے، جس سے ان کی روزمرہ کی زندگی مزید آرام دہ اور پرسکون ہوجائے گی۔

انھوں نے کہا کہ ہماری حیرت انگیز کمیونٹی ایک دہائی سے زائد عرصے سے امارات کی حکومت اور مقامی حکام کی طرف سے ہمیں ملنے والی غیر معمولی مراعات سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔

ریمون نامی سٹور کھانے کی طلب پورا کرے گا اور یہاں یہودی قانون کے غذائی معیارات کی پاسداری کرتے ہوئے کھانے مہیا کئے جائیں گے، اسٹور ہر ہفتے کے آخر میں یہودی فوڈ مارکیٹ کی میزبانی بھی کرے گا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ باضابطہ تعلقات استوار ہونے کے بعد سے امارات میں مقیم اور سفر کرنے والے یہودیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔