بھارت: اقبال کا دعائیہ کلام پڑھانے پرسکول پرنسپل معطل

Published On 23 December,2022 02:43 pm

نیودہلی :(ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک سرکاری سکول میں طلبہ کے علامہ اقبال کا دعائیہ کلام پڑھنے کی شکایت پر پرنسپل کو معطل کر دیاگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کے ضلع بریلی میں دائیں بازو کے گروپوں کی جانب سے پولیس کو شکایت کی گئی کہ سکول میں بچوں نے علامہ اقبال کا دعائیہ کلام ’لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا ‘ پڑھا ہے۔

سوشل میڈیا پر سکول کے طلبہ کی کلام پڑھنے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس کے بعد محکمہ تعلیم نے سکول کے پرنسپل کو معطل کر دیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو کلپ کا جو حصہ وائرل ہوا اس میں سکول کے بچوں کو کلام کی ایک سطر ’میرے اللہ برائی سے بچانا مجھ کو‘ پڑھتے سُنا جا سکتا ہے اور اسی لیے مقدمہ درج کیا گیا ہے کیونکہ ’نماز سرکاری سکولوں کے شیڈول کا حصہ نہیں۔‘

محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کی بنا پر پرنسپل کو معطل کیا گیا ہے اور وہ اس معاملے کی انکوائری کریں گے، پولیس کی جانب سے ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

یاد رہے کہ 2019 میں ریاست کے  پیلی بھت ضلع میں ایک ہیڈ ماسٹر کو بھی اس وقت معطل کیا گیا تھا جب طلبہ نے اقبال کا یہ کلام پڑھا تھا۔