کھٹمنڈو: (ویب ڈیسک) نیپال میں ایک بار پھر باغی کمیونسٹ رہنما پشپا کمال ڈاہل المعروف 'پرچنڈا' وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیپالی صدر کی پیشکش پر کانگریس پارٹی مقررہ مدت تک وزیراعظم کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار سامنے نہیں لاسکی تھی۔جس پر سابق وزیراعظم اولی کی زیر صدارت نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والے اہم اجلاس میں قرعہ فال 68 سالہ پشپا کمال ڈاہل کے نام نکلا۔
طویل مشاورت کے بعد نام فائنل ہونے پر صدر بدیا دیوی بھنڈاری نے آئین کے آرٹیکل 76 کی شق 2 کے تحت پشپا کمال ڈاہل کو وزیراعظم مقرر کردیا۔ پشپا سیاسی زندگی میں پرچنڈا کے نام سے جانے جاتے ہیں اور وہ کمیونسٹ پارٹی آف نیپال کے چیئرمین بھی ہیں۔ وہ اس سے قبل 2008 اور 2017 میں بھی وزیراعظم رہ چکے ہیں۔
کمیونسٹ پارٹی کے چیئرمین پراچنڈا کو 275 رکنی ایوان نمائندگان میں سے مختلف سیاسی جماعتوں کے اتحاد کے باعث 165 ارکان کی حمایت حاصل ہے اور امید ہے وہ اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔