امریکا میں برفانی طوفان سے تباہی، 19 افراد ہلاک، درجہ حرارت منفی 45 سینٹی گریڈ

Published On 24 December,2022 09:41 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں شدید برفباری اور سردہواؤں کی وجہ سے نظام زندگی شدید متاثر ہے جبکہ مختلف حادثات و واقعات میں برفانی طوفان کے باعث 19 افراد ہلاک ہو گئے۔

بتایا گیا ہے کہ ریاست مونٹانا ، جنوبی ڈکوٹا اور وائیومنگ میں درجہ حرارت منفی 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، نیو یارک، جارجیا، کینٹکی سمیت کئی ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے، ملک بھر میں 8 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ 25 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق امریکہ میں 15 لاکھ سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو چکے ہیں، نیو انگلینڈ، نیو یارک، نیو جرسی کے ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، نیو یارک سٹی میں ساحلی علاقوں کی سڑکیں زیر آب آ گئیں، گاڑیاں کئی انچ پانی میں ڈوب گئیں۔

محکمہ موسمیات نے مشرقی ریاستوں میں اتوار تک خطرناک سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ امریکا کی 60 فیصد آبادی کو موسم سرما کے بدترین اور سرد ترین طوفان کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔