نیویارک : (دنیانیوز) امریکا میں موسم سرما کے بڑے طوفان کے باعث ملک کی نصف سے زائد آبادی کو شدید برف باری اور یخ بستہ ہواؤں کا سامنا ہے جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہیں جبکہ متعدد پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف ریاستوں میں شدید موسم اور برفباری کے دوران ایک درجن سے زائد افراد کی ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ جارجیا، نارتھ کیرولائنا اور کینٹکی میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔
لاکھوں لوگ سرد طوفان کی وارننگ کے باعث گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں کیونکہ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض جگہوں پر اتنی شدید سردی ہے کہ باہر نکلنے والا کوئی بھی فرد چند لمحوں میں موسم کی سختی کا شکار ہوسکتا ہے۔
امریکا کی مختلف ریاستوں میں تیز ہواؤں، شدید برف باری کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں تعطل آسکتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ توانائی کی معمول سے زیادہ طلب کا دباؤ بھی پڑ سکتا ہے۔
شدید سردی اور برفباری کے باعث امریکا بھر میں کرسمس کی چھٹیوں کے دوران سفر کرنے والے لاکھوں افراد مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں، دو روز کے دوران ساڑھے 4 ہزار پروازیں اور مڈ ویسٹ میں سینکڑوں ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
پروازوں اور ٹرینوں کی منسوخی کی وجہ سے شہریوں میں بے چینی پائی جاتی ہے ، 12 سو پروازیں صرف شکاگو کے دو ائیرپورٹس پر منسوخ کی گئیں ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے موسم کی سنگینی سے خبردار کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ سفر کرنے سے پہلے دو بار سوچیں، متوقع طوفان بہت خطرناک ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری مقامی حکام کی وارننگ پر عمل کریں۔
امریکا کے علاوہ کینیڈا کے مشرقی حصے کو بھی شدید سردی اور برف باری کا سامنا ہے، ٹورنٹو میں بھی متعدد پروازیں منسوخی یا تاخیر کا شکار ہیں۔