نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات میں ہندو انتہا پسندوں نے سانتا کلاز کا لباس پہنے شخص کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سانتا کلاز کے لباس میں ملبوس شخص کرسمس کی خوشیاں بانٹنے کیلئے مُکرپورہ کے رہائشی علاقے میں چاکلیٹ تقسیم کررہا تھا کہ وہاں موجود ہندو انتہاء پسندوں کے ہجوم نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہندو انتہاء پسندوں نے اسے چاکلیٹ تقسیم کرنے پر اعتراض کیا جس کے بعد دونوں برادریوں میں تصادم ہوگیا، بعدازاں مسیحی برادری کے ارکان نے واقعے کے بعد پولیس سے رابطہ کیا اور علاقے میں سکیورٹی طلب کی۔
دوسری جانب چھتیس گڑھ کرسچن فورم کے مطابق خواتین سمیت 100 سے زائد افراد نے نارائن پور کے ایک سٹیڈیم میں پناہ لی ہے جبکہ بہت سے لوگوں کو گرجا گھروں سمیت دیگر مقامات پر ٹھہرایا گیا۔