لاہور: (دنیا نیوز) مسیحی برادری کرسمس مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے، گرجا گھروں کو برقی قمقموں اور پھولوں سے سجایا گیا ہے، کرسمس ٹری بھی جگمگ کرنے لگے، تقریبات میں ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
کرسمس کے تہوار پر مسیحی برادری خوشی سے سرشار ہے۔ لاہور میں نولکھا چر چ، مریم بے داغ کیتھولک چرچ انارکلی اور کیتھڈرل چرچ مال روڈ میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔
مسیحی برادری نے تقریبات میں کثیر تعداد میں شرکت کی، خواتین اور بچے خوب سج دھج کر کرسمس کا تہوار منا رہے ہیں۔ گرجا گھروں کو برقی قمقموں اور پھولوں سے سجایا گیا ہے اور کرسمس ٹری رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا رہے ہیں۔
گرجا گھروں میں کرسمس کے گیت گائے گئے، پاسٹرز اور بشپس نے امن اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔ کرسمس تقریبات کے دوران ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
گرجا گھروں میں دعائیہ تقریب کے بعد مسیحی برادری نے ایک دوسرے کو کرسمس کی مبارکباد دی، خواتین کا کہنا ہے کہ خوشی کے اس تہوار کو خوب انجوائے کر رہے ہیں، مزے مزے کے پکوان تیار کر کے عزیز واقارب کو دعوت دی ہے۔ کرسمس تہوار پر گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات کا سلسلہ شام تک جاری رہے گا۔
کرسمس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، گرجا گھروں کے باہر واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے، مسیحیوں کو جامہ تلاشی کے بعد اندر داخلے کی اجازت دی گئی، پولیس کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے دن بھر الرٹ رہے گی ۔