کینیڈا نے 2022 میں امیگریشن کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا

Published On 05 January,2023 03:31 am

اوٹاوا: ( ویب ڈیسک ) کینیڈا نے 2022 کے دوران 430,000 سے زیادہ مستقل باشندوں کی ملک میں آمد کے ساتھ امیگریشن کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کینڈین امیگریشن کے وزیر شان فریزر نے کہا کہ وفاقی حکومت 2022 میں 431,645 نئے مستقل رہائشیوں کو خوش آمدید کہنے کے اپنے ہدف تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق امیگریشن کا پچھلا ریکارڈ 1913 میں قائم کیا گیا تھا، جب کینیڈا نے 400,000 سے زیادہ نئے آنے والوں کو خوش آمدید کہا۔

شان فریزر نے کہا کہ کینیڈا کے لیے یہ ایک اہم سنگ میل ہے، جس نے ایک ہی سال میں نئے آنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا، یہ ہمارے ملک اور اس کے لوگوں کی طاقت اور لچک کا ثبوت بھی ہے۔