ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے 6 ملکوں سے 5 لاکھ سے زائد غیر ملکی ورکرز بھرتی کرنے کا معاہدہ کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی کمپنی نے جن 6 ممالک سے افرادی قوت بھرتی کرنے کے معاہدے کیے ہیں ان میں ترکیہ، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، آذربائیجان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کے ورکرز کا ان میں ذکر نہیں، معاہدے پر 27 ارب ریال لاگت آئے گی۔
سعودی وزیرتجارت اور قائمقام وزیر اطلاعات ماجد القصبی اور وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے حال ہی میں ان ممالک کا دورہ کیا تھا جس کے بعد یہاں سے افرادی قوت درآمد کرنے کی منظوری دی گئی، معاہدوں کے مطابق تھائی لینڈ اور انڈونیشیا سے 2030 تک مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے 4 لاکھ افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ترکیہ، ازبکستان ، تاجکستان اور آذربائیجان سے آئندہ 7 برسوں کے دوران مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے 1 لاکھ کارکنوں کیلئے ویزے جاری کیے جائیں گے، افرادی قوت میں گھریلو ملازمین کے علاوہ دیگر پیشوں سے تعلق رکھنے والے کارکن شامل ہوں گے۔
واضح رہے افرادی قوت کی درآمد کے معاہدوں کا مقصد سعودی عرب کی لیبر مارکیٹ کو بہتر افرادی قوت فراہم کرنا ہے، افرادی قوت کی مانگ میں اضافے کی اہم وجہ مملکت کے وژن 2030 کے مقررہ اہداف کا حصول ہے جس کے تحت ترقیاتی و تعمیری منصوبوں کا اعلان کیا گیا تھا۔