برازیلین صدر کا سابق صدر کے حامیوں پر فسادات میں ملوث ہونے کا الزام

Published On 14 January,2023 06:38 am

برازیلیا : ( ویب ڈیسک ) برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا نے سابق صدر جیر بولسونارو کے حامیوں پر کانگریس اور دیگر اہم عمارتوں پر ہونے والے حملوں میں مدد کرنے کا الزام لگا دیا۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لولا نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ محل کے اندر سابق صدر بولسونارو کے حامی فسادیوں کو اہم ریاستی عمارتوں میں داخل ہونے کی اجازت دینے میں ملوث تھے۔

لولا نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ محل کا دروازہ کھولا گیا تھا تاکہ یہ لوگ اندر داخل ہو سکیں کیونکہ میں نے نہیں دیکھا کہ سامنے کا دروازہ ٹوٹا ہوا ہے جس کا مطلب ہے کہ کسی نے انہیں یہاں داخلے کی سہولت فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی جس پر کٹر ’’ بولسوناریسٹا ‘‘ ہونے کا شبہ ہو اسے محل میں رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، میں اپنے دفتر کے دروازے پر کیسے کسی کو رکھ سکتا ہوں جو مجھے گولی مار دے؟۔

واضح رہے کہ برازیلیا فسادات کے الزام میں کئی اہم حکومتی عہدیداروں کے گرفتاریوں کے وارنٹ جاری ہو چکے ہیں جبکہ چند افسران کو سہولت کاری کے الزام میں عہدوں سے بھی برطرف کیا گیا ہے۔