ریاض: (ویب ڈیسک ) سعودی عرب نے مستقبل میں بغیر کسی شرط کے مالی امداد نہ دینے کا عندیہ دے دیا۔
ورلڈ اکنامک فورم میں خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ بیرونی ممالک کو امداد دینے کے طریقے کو تبدیل کر رہے ہیں ، پہلے سعودی عرب بغیر کسی شرط کے براہ راست گرانٹس اور ڈپازٹس دیتا ہے لیکن اب دوست ممالک کو اصلاحات کرنے پر زور دیا جائے گا۔
محمد الجدعان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب امریکی ڈالر کے علاوہ دوسری کرنسیوں میں تجارت کرنے کے لیے بات چیت کو تیار ہے ، ہم اپنے لوگوں پر ٹیکس لگا رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دوسرے بھی ایسا ہی کریں ۔
سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ ہم مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ دوست ممالک اپنے طورپر بھی کام کریں ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر اوردیگر خلیجی ممالک براہ راست مالی امداد کے بجائے سرمایہ کاری پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب تمام ممالک سے بین الاقوامی تعاون بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔