لندن : ( ویب ڈیسک ) برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے سفر کے دوران سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر معذرت کر لی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہیں ویڈیو پیغام کے دوران بغیر سیٹ بیلٹ باندھے گاڑی میں سفر کرتے دیکھا گیا تھا۔
رشی سونک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم نے اپنی غلطی کا احساس ہونے پر معذرت کی ہے، انکا ماننا ہے کہ ہر شہری کو سفر کے دوران سیٹ بیلٹ ضرور پہننا چاہیے۔
دوسری جانب لنکاشائرپولیس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے سیٹ بیلٹ نہ پہننے کے معاملے سے آگاہ ہیں اور اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سفر کے دوران سیٹ بیلٹ ہونے کے باوجود نہ پہننے پر 100 پاؤنڈ تک جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے جبکہ معاملہ کورٹ میں جانے کی صورت میں جرمانہ 500 پاؤنڈ تک ہو سکتا ہے۔