لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقے مغربی کنارے میں بستیوں کو قانونی حیثیت دینے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان مغربی کنارے کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں نو بستیوں کو قانونی حیثیت دینے کے اسرائیل کے حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کرتا ہے، یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مزید یہودی بستیوں کی تعمیر، امریکا نے اسرائیل کو خبردار کر دیا
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسرائیل کا اقدام فلسطینی عوام کے حقوق کو مزید پامال کرتا ہے، غیر قانونی اور غیر منصفانہ اسرائیلی اقدام کشیدہ صورتحال کو مزید بگاڑ دے گا، اسرائیلی اقدام خطے میں امن کو نقصان پہنچائے گا۔
ترجمان کے مطابق بین الاقوامی برادری اسرائیل کو ایسے اقدامات سے روکے، ایسے اقدامات دو ریاستی حل کے حصول میں رکاوٹ بنیں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان فلسطینی عوام اور فلسطینی کاز کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان مشرقی یروشلم کے ساتھ 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر ایک آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتا ہے۔