اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمرے کی ادائیگی کیلئے جانے والے زائرین کے لئے اچھی خبر، سعودی حکومت نے عمرہ ویزا کے حامل زائرین کو مملکت کےتمام انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر سفر کی اجازت دے دی۔
جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا نے اس سلسلہ میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس سے تمام عمرہ زائرین کے لیے مملکت کے کسی بھی ائیرپورٹ پر آمد اور روانگی ممکن ہو سکے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ملکی و بین الاقوامی پروازیں عمرہ زائرین کے لیے کوئی بھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ استعمال کر سکتی ہیں، سعودی ایوی ایشن کی طرف سے پروازوں کو نئے نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والی ائیرلائنز کے خلاف سخت کارروائی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
اس قبل عمرہ ویزہ والے مسافر صرف جدہ اور مدینہ ائیرپورٹ سے سفر کرتے تھے، نوٹیفکیشن کے بعد دمام، القسیم، ریاض سمیت تمام ائیرپورٹس سے آمد اور روانگی کی سہولت دستیاب ہو گی۔