ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں گیس کے ذخائر مزید بڑھ گئے جبکہ دوسری جانب تیل کی برآمد میں کمی ہو رہی ہے۔
سعودی عرب کے محکمہ شماریات کی جانب سے گیس کے ذخائر سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق 2021 کے دوران مملکت میں قدرتی گیس کے محفوظ ذخائر 329.8 ارب مکعب فٹ تک پہنچ گئے جو 2020 کے مقابلے میں 0.91 فیصد زیادہ ہیں۔
محکمہ شماریات نے مزید کہا ہے کہ 2021 میں قدرتی گیس کی پیداوار 2020 کے مقابلے میں 2.94 فیصد زیادہ ہوئی ہے جس کے بعد سعودی عرب میں گیس کی پیداوار 2.9 فیصد بڑھ کر 126 ملین ٹن خام تیل کے مساوی یا چار ہزار 928 ارب مکعب فٹ ہو گئی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں 2020 کے مقابلے میں 2021 میں خام تیل کے ذخائر میں 0.04 فیصد اضافہ ہوا تاہم خام تیل کی پیداوار 1.23 فیصد کم ہو گئی، اس کے علاوہ خام تیل کی برآمد 2020 کے مقابلے میں 6.11 فیصد کم ہوئی ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں گیس کی پیداوار میں اضافے کی وجہ وہاں ملنے والے مزید ذخائر ہیں، گزشتہ سال نومبر میں مشرقی صوبہ میں گیس کے دو فیلڈز دریافت ہوئے تھے، جو الہفوف شہر سے 142 کلومیٹر جنوب مغرب اور ظہران سے 230 کلو میٹر جنوب مغرب میں واقع ہیں۔