ریاض : (ویب ڈیسک ) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ اور شام کے لیے ہنگامی امداد پہنچانے کا حکم جاری کیا ہے ۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان انسانی امداد اورریلیف مرکزکے ایس آر ای ایف کوشام اور ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد مہیّا کرنے کے لیے فضائی پل قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس فضائی پل کے ذریعے زلزلے سے متاثرہ شامی اور ترک عوام کو طبی سامان، ادویات ، رہائش کے لیے خیمے، خوراک کا سامان مہیا کیا جائے گا ، اس کے علاوہ یہ لاجسٹک معاونت بھی مہیّا کرے گا۔
خادم الحرمین الشریفین اورولی عہد کی ہدایات میں دونوں ممالک میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے" سہیم" پلیٹ فارم کے ذریعے ایک مہم کا انعقاد بھی شامل ہے۔
ایجنسی کے مطابق شاہی دیوان کے مشیر اور کے ایس ریلیف کے نگران اعلیٰ ڈاکٹرعبداللہ بن عبدالعزیزنے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ امداد خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کی جانب سے شام اور ترکی میں زلزلے سے متاثرہ افراد کے ساتھ مصیبت کی اس گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی خواہش کی مظہرہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، کم و بیش ایک ہزار سے زائد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں، آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں تک جاری رہا، دونوں ممالک میں اموات کی مجموعی تعداد سات ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ۔