پاکستان نے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان کے 2 طیارے شام بھیج دیے

Published On 08 February,2023 12:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مشکل وقت میں دوست ممالک کے شانہ بشانہ، اسلام آباد ایئرپورٹ سے شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان کے دو طیارے دمشق بھیج دیے۔

شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان کی روانگی کے وقت وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر، چیئرمین این ڈی ایم اے اور شام کے سفیر بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ امدادی سامان میں خیمے، کمبل اور دیگر اشیا شامل ہیں، امداد کے ساتھ ساتھ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل ٹیمیں بھی بھجوا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ ترکی اور شام میں ہولناک زلزلہ آیا، پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں ہر ملک کی مدد کی ہے، 4 ہزار کمبل، 6 ہزار ٹینٹس ملک شام کی طرف بھجوا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری میڈیکل ٹیمیں ترکی گئی ہیں اور شام میں بھی بھیج رہے ہیں، کمبل اور ٹینٹس کے علاوہ دیگر اشیا بھی ملک شام بھجوا رہے ہیں، شام اور ترکی کے زلزلہ متاثرین کیلئے وزیراعظم نے امدادی فنڈ بھی قائم کیا ہے۔

Advertisement