لاہور: (ویب ڈیسک) الخدمت فاؤنڈیشن نے ترکیہ اور شام میں زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا جس کے تحت زلزلہ متاثرین میں پکے پکائے کھانے، خیموں، بستروں اور کمبلوں کی تقسیم کے ساتھ ساتھ پاکستان سے میڈیکل ٹیمیں بھی روانہ کی جا رہی ہیں۔
ترکیہ اور شام میں آئے ہولناک زلزلے کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن کے سینٹرل بورڈ آف مینجمنٹ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ترکیہ اور شام میں آئے ہولناک زلزلے میں ہونے والے نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور متاثرہ علاقوں میں الخدمت کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ الخدمت نے زلزلے کے فوراً بعد لوکل پارٹنرز کے ساتھ پکے پکائے کھانے، خیموں، بستروں اور کمبلوں کی تقسیم شروع کر دی ہے اور ابتدائی طور پر 7 رکنی میڈیکل ٹیم بھی ترکیہ روانہ کی جا رہی ہے جس میں دو آرتھو پیڈک سرجن، ایک جنرل سرجن، دو انیستھیزیا کے ڈاکٹرز، ایک آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن اور ایک نرسنگ ٹیم کا فرد شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میڈیکل ٹیم اپنے ساتھ ضروری سامان اور ادویات بھی لے کر جائے گی جو 2 سے 3 ہفتے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں میڈیکل آپریشن جاری رکھے گی۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ ترکیہ اور شام ہمارے اسلامی برادر ممالک ہیں، پاکستان میں جب کبھی ضرورت محسوس ہوئی تو ترکیہ کے بہن بھائیوں نے دل کھول کر مدد کی اب ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کا ساتھ دیں، اس وقت زلزلہ متاثرہ علاقوں میں شدید سردی ہے اور کھانے، خیموں، بستروں اور گرم کپڑوں سمیت طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔
صدر الخدمت نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میں ترک سفارت خانے، ترک رفاعی ادارے ٹیکا اور ترک ریڈ کریسنٹ سے رابطے میں ہے اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن امداد جاری رکھے گی، ترکی میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندہ عمر فاروق اس وقت فیلڈ میں موجود ہیں اور ضروریات کے حوالے سے مسلسل رابطہ کاری کا کام کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں پشاور سے الخدمت فاؤنڈیشن کے تجربہ کار طبی عملہ سمیت عطیات آج ترکیہ روانہ کیے جائیں گے، صوبہ بھر میں عطیات جمع کرنے کے لئے کیمپ بھی لگائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ طبی ٹیم مرکزی ناٸب صدر عبدالشکور کی قیادت میں آج ترکی روانہ ہو گی۔