اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے ریلیف فنڈ قائم کر دیا گیا۔
ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے وزیر اعظم ریلیف فنڈ جی۔ 12166 کے قیام کا آفس آف دی کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، وزیراعظم نے برادر ملک ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے فنڈ بنانے کا اعلان کیا تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخیر حضرات، ادارے اور عوام دل کھول کر عطیات دیں، عوام اور مخیر حضرات اپنے عطیات اکاؤنٹ نمبر جی 12166 میں جمع کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی جانب سے فوری امداد پر ترک سفارتخانے کا اظہار تشکر
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ترکیہ نے پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ اور عوام کو درپیش مشکلات میں ہمیشہ مدد کی ہے، 2005 کے زلزلے، 2010 اور 2022 کے تباہ کن سیلابوں میں ترکیہ نے مخلصانہ اور فراخ دلانہ مدد کی۔
واضح رہے ترکیہ اور شام میں قیامت خیز زلزلے کی وجہ سے 5 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ سینکڑوں عمارتیں بھی مٹی کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی ہیں، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں پاکستان کی فوجی اور سول اداروں کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔