ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں ایک خاتون کو مردوں کے ہیئر سیلون میں کام کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ماتحت الخبر میں فیلڈ انسپکٹرز نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مردانہ ہیئر سیلون شاپ میں کام کرنے والی ایک ایشیائی خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وزارت افرادی قوت نے بتایا ہے کہ تفتیش سے پتہ چلا کہ ایشیائی خاتون اقامہ اور ملازمت کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سعودی عرب میں مقیم ہے، پولیس کا دھیان اس خاتون کی طرف ایک اشتہار دیکھنے کی وجہ سے گیا جس میں اسے مردوں کے سیلون میں کام کرتے ہوئے دکھایا گیا۔
وزارت افرادی قوت نے بیان میں مزید کہا کہ مردوں کے سیلون میں خاتون کا کام کرنا سعودی قوانین کے منافی ہے اور ساتھ ہی تنبیہ کی گئی کہ تمام ادارے اور آجر سعودی قانون محنت کی پابندی کریں، خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔