اسرائیلی وزیرخارجہ کی یوکرینی صدر سے ملاقات، ایران کو مشترکہ دشمن قرار دے دیا

Published On 17 February,2023 08:50 pm

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اسرائیلی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’ایران‘ یوکرین اور اسرائیل کا مشترکہ دشمن ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن یوکرین کے دورے پر پہنچے اور صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی اور روس جنگ سمیت خطے میں امن و سلامتی سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اسرائیلی وزیر خارجہ سے کہا کہ ایران ہمارا مشترکہ دشمن ہے، ایران خطے میں طاقت کے توازن کو خراب اور عسکریت پسندوں کی معاونت کر رہا ہے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے یوکرائنی ہم منصب کے ہمراہ میڈیا سے گفتکو میں کہا کہ اسرائیل روس کی جانب سے جنگ مسلط کرنے پر یوکرین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ صدر زیلنسکی سے ملاقات میں خطے میں ایرانی خطرے کے پیش نظر یوکرین کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے پر بھی بات چیت کی۔

ایلی کوہن نے جنگ زدہ یوکرین میں صحت کے شعبے کی دیکھ بھال اور شہر کے بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے اسرائیلی منصوبے جاری رکھنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ اسرائیل اگلے ہفتے اقوام متحدہ میں یوکرین کے امن اقدام کی حمایت کرے گا۔