عمان: (ویب ڈیسک) اسرائیل اور فلسطین کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت اسرائیل آئندہ 6 ماہ تک کسی بھی نئی بستی کی آبادکاری کی منظوری نہیں دے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق معاہدے میں یہ طے بھی پایا ہے کہ 4 ماہ کے لیے کسی بھی نئے سیٹلمنٹ یونٹس کے قیام پر بات چیت نہیں ہوگی جب کہ اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کو چھ ماہ کے لیے روکنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
اردن میں ہونے والے مذاکرات میں اسرائیل اور فلسطینی حکام نے ملک میں بڑھتے ہوئے تشدد کو کم کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر عمل درآمد کا عہد بھی کیا اور رمضان میں ہونے والی ممکنہ کشیدگی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
یاد رہے کہ ماہ رمضان میں دنیا بھر سے مسلمان بڑی تعداد میں عبادت کے لیے مسجد اقصیٰ آتے ہیں اس لیے آخری عشرے میں یہودیوں کے داخلے پر پابندی ہوتی ہے تاہم انتہاپسند یہودی اس پابندی کو تسلیم نہیں کرتے اور مسجد میں داخل ہوجاتے ہیں جس سے کشیدگی اور تناؤ میں اضافہ ہوجا تا ہے۔
مذاکرات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ میزبان ملک اردن نے مصر اور امریکا کے ساتھ مل کر ان مفاہمتوں کو دونوں فریقوں کے درمیان تعلقات کو دوبارہ قائم کرنے اور گہرا کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین نے یکساں طور پر ایک مستحکم اور خوشحال مستقبل کے لیے آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں بہت کچھ کرنا ہے جس کے لیے فریقین نے اگلے ماہ دوبارہ ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے بھی ایک بیان میں کہا کہ امریکا کے نزدیک اسرائیل اور فلسطین کے حکام کی ملاقات اور معاہدے پر اتفاق کو مستحکم امن کا نقطہ آغاز تسلیم کرتا ہے۔