لندن : (ویب ڈیسک ) برطانیہ کے مختلف شہروں سے ٹکرانے والا برفانی طوفان تھم گیا ہے تاہم سکاٹ لینڈ، مانچسٹر اور دیگر شہروں میں سردی میں اضافہ ہوا ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں برفانی طوفان لاریسا سے نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا ، یارک شائر میں برفباری کے بعد ہزاروں گھروں کی بجلی کئی گھنٹوں بعد بحال کردی گئی تھی ۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایات برقرار ہیں جبکہ اسٹیفورڈ میں پیر سے ہلکی برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
قبل ازیں شیفیلڈ میں گزشتہ روز 1970 کے بعد سے مارچ میں سب سے زیادہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق شیفیلڈ میں گزشتہ روز 30 سینٹی میٹر تک برف باری ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب ویلز اور شمال مغربی انگلینڈ میں شدید برف باری کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا ، ویلز میں 200 سے زیادہ اور شمالی آئر لینڈ میں100سے زیادہ سکولز بھی بند رہے۔
برطانیہ کے مختلف علاقوں میں برفباری کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ایئرپورٹ پر پروازوں کا نظام شدید متاثر ہوا ۔