پیرس : (ویب ڈیسک ) فرانس کے دارالحکومت پیرس کا شمار دنیا کے نہایت صاف اور خوبصورت ترین شہروں میں ہوتا ہے لیکن اب یہاں گندگی اور کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیرس کی سڑکوں پر کئی ٹن بدبو دار کچرا جمع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور موجودہ صورتحال کے باعث یہاں چوہوں کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق صفائی کرنے والے اہلکاروں کی پنشن اصلاحات کے خلاف ہڑتال جاری ہے جس کے باعث پیرس کی سڑکوں پر کچرے کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ایمانوئل میکرون کی پنشن کی عمر 62 سے بڑھا کر 64 سال کرنے کی تجویز پر کچرا اٹھانے والے اہلکاروں کی 6 مارچ سے ہڑتال جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں :مظاہروں کے باوجود، فرانسیسی سینیٹ میں متنازع پنشن اصلاحات کا بل منظور
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ پیر تک شہر کی سڑکوں پر 5 ہزار 600 ٹن سے زائد کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے تھے ۔
دوسری جانب شہریوں نے حکام سے صورتِ حال کا حل نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔