بھارت میں فوجی مشقوں کے دوران میزائل غلط فائر، تحقیقات شروع

Published On 25 March,2023 04:43 am

نئی دہلی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست راجستھان میں فوج کی فائرنگ مشقوں کے دوران غلطی سے میزائل فائر ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق راجستھان کے ضلع جیسلمیر میں پوکھرن رینجز میں فوج کی ایک یونٹ کی فیلڈ فائرنگ کی مشقوں کے دوران میزائل سے غلط فائرنگ کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بارے فوجی حکام نے کہا کہ میزائل پرواز کے دوران پھٹ گیا جس کا ملبہ کھیتوں میں گر گیا۔

حکام نے مزید کہا کہ اس واقعے میں اہلکاروں یا املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ برہموس میزائل کو غلطی سے پاکستانی حدود میں داغے جانے کے ایک سال سے زیادہ عرصے کے بعد پیش آیا ہے جب مرکزی حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے کورٹ آف انکوائری کے بعد ہندوستانی فضائیہ (IAF) کے تین افسران کو برطرف کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی بھارتی فوج نے ٹریننگ کے دوران اپنے ہی گاؤں پر مارٹر گولہ پھینک دیا تھا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔