صنعا: (دنیا نیوز) یمن بحران کے حل کیلئے سفارتی کوششوں کے تحت یمن حکومت اور حوثیوں باغیوں میں قیدیوں کا تبادلہ شروع ہو چکا ہے، صنعا سے عدن پہلی پرواز میں 35 قیدی رہا کر دیے گئے جن میں سابق وزیر دفاع اور سابق صدر کے بھائی بھی شامل ہیں۔
یمن بحران کے خاتمے و جنگ بندی کے بعد پہلے روز یمنی حکومت اور حوثیوں کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ شروع ہو گیا ہے۔
یمن حکومت کی نمائندگی کرنے والے وفد کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یمنی حکومت کے 70 قیدیوں کو دو الگ الگ پروازوں کے ذریعے عدن پہنچایا جائے گا، ہر پرواز 35 قیدیوں کو لے کر جائے گی۔
بعدازاں عدن سے صنعا کیلئے قیدیوں کو لے جانے والی پرواز بھی عین اسی وقت روانہ ہوئی جب صنعا سے عدن کیلئے پرواز نے اڑان بھری تھی ۔