خرطوم : (ویب ڈیسک ) سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں آرمی اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان جھڑپوں کے بعد سعودی وزیر خارجہ نے سوڈان کے متحارب عسکری سربراہان سے رابطہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے دونوں سے کشیدگی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیرخارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے سویلین قیادت والی حکومت کو اقتدار کی منتقلی کے فریم ورک معاہدے پرعمل درآمد کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا ہے۔
سوڈان میں جھڑپوں میں اب تک 97 شہری ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں جس پر عرب لیگ اورچین کی جانب سے سوڈان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔
دوسری جانب قطر کی فضائی کمپنی نے سوڈان کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن بند کردیا ہے ۔
خیال رہے کہ ہفتے کے روزخرطوم کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر السعودیہ ایئرلائنز کا ایک طیارہ بھی طرفین کے درمیان لڑائی میں فائرنگ کا نشانہ بنا تھا، تاہم عملے کے تمام ارکان اورمسافروں کو بحفاظت سعودی سفارت خانے منتقل کردیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2021 میں فوجی بغاوت کے بعد اقتدار پر قبضہ کرنے والی سوڈانی فوج کے خلاف پیرا ملٹری فورس نے بغاوت کی تھی ۔