روسی صدر کا جنگ میں فتح ہونیوالے دو یوکرینی علاقوں کا دورہ

Published On 18 April,2023 09:19 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادمیر پوٹن نے جنگ میں فتح ہونے والے دو یوکرینی علاقوں خیرسن اور لوہانسک کا دورہ کیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس نے روسی ایوانِ صدر کریملن کے حوالے سے بتایا کہ روسی صدر ولادمیر پوٹن نے یوکرین کے دو خطوں خیرسن اور لوہانسک کے الحاق کے بعد اُن کا دورہ کیا ہے۔

کریملن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ پوٹن نے دونوں خطوں میں فوجی کمانڈروں سے ملاقات کی، پوٹن نے جنوبی یوکرین کے علاقے خیرسن میں فورسز کے ہیڈکوارٹر اور مشرقی یوکرین کے لوہانسک علاقے میں نیشنل گارڈ کے کمانڈروں سے ملاقات کی تاکہ ان علاقوں میں جنگی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ ماسکو نے گزشتہ موسم خزاں میں باضابطہ طور پر خیرسن، لوہانسک، زاپوریزہیا اور ڈونیسک کا مقامی ریفرنڈم کے بعد الحاق کیا جسے امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں نے مسترد کیا تھا، تاہم روسی افواج نے اعلان کے بعد سے صرف جزوی طور پر علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لیا ہوا ہے۔

یاد رہے کہ پوٹن کا دو ماہ میں الحاق شدہ علاقوں کا یہ دوسرا دورہ ہے، اس سے قبل انہوں نے گزشتہ ماہ ڈونیسک کے علاقے ماریوپول کا دورہ کیا تھا۔