غزہ: (ویب ڈیسک) فلسطینی شہر رماللہ میں اسرائیلی قابض فورسز نے نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا ہے۔
عالمی میڈیا نے فلسطینی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ نوجوان کی شہادت فلسطینیوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان تصادم کے دوران ہوئی جو بیت لحم کے قصبے کے قریب ایک گاؤں میں پیش آیا۔
وزارت نے نوجوان کی شناخت 16 سالہ مصطفیٰ صباح کے نام سے کی ہے جسے اسرائیلی فورسز نے سینے میں گولی مار کر شہید کیا، اس حوالے سے اسرائیلی فوج کی جانب سے خاموشی اختیار کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اسرائیل اور فلسطینی جھڑپوں میں شدت آگئی ہے، چند دنوں قبل بھی اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جیریکو میں فلسطینی نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔