انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ کے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے بعد گنتی کا عمل جاری ہے، ابتدائی نتائج کے مطابق صدر اردوان پہلے جبکہ کمال قلیچ داراوغلو دوسرے نمبر پر ہیں۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق 51 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل کر لی گئی ہے جس کے مطابق رجب طیب اردوان 52.3 فیصد ووٹ لیکر آگے جبکہ ان کے مخالف امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 42.11 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر ہیں جبکہ تیسرے امیدوار سنان اوغان اب تک 5.33 فیصد ووٹ لے سکے ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو نے صدر رجب طیب اردوان پر برتری کا دعویٰ کردیا ہے جو اردگان کے دو دہائیوں پر محیط بیشتر اقدامات کو واپس لینے کا عہد کرتے ہیں۔
ترکیہ کی سپریم کونسل چیئرمین احمد ینر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترکیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی زیادہ پارٹیاں انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، صدر رجب طیب، کمال قلیچ دار اوغلو اور سنان اوغنان براہ راست صدارت کے عہدے کیلئے امیدوار ہیں البتہ محرم اینجہ الیکشن سے قبل اپنی دستبرداری کا اعلان کر چکے ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق صدارتی امیدوار کو کامیابی کے لیے 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے ، رپورٹس کے مطابق فیصلہ نہ ہوسکا تو زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان 28 مئی کو دوبارہ مقابلہ ہوگا۔