نئی دہلی: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں جی-20 اجلاس کی سربراہی میں بدترین ناکامی پر مودی سرکار نے شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس آن لائن کرانے کا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ جے شنکر نے اعلان کیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ سمٹ کا 22 واں اجلاس وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں 4 جولائی کو ہوگا۔
بھارتی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ جی-20 اور ایس سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے برعکس یہ اجلاس ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد کیا جائے گا تاہم انھوں نے اس کی وجہ نہیں بتائی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی وزیراعظم مودی پاکستان سے تعلقات معمول پر لانے کے خواہاں
بھارتی حکام نے میڈیا کے بار بار پوچھنے پر یہ عذر پیش کیا کہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس کا انعقاد کی وجہ رکن ممالک کے چند سربراہان کی نجی مصروفیات ہیں جس کے باعث وہ بھارت آنے سے قاصر تھے۔
یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ایک سیاسی اور سیکورٹی بلاک ہے جس میں پاکستان، روس اور چین بھی شامل ہیں، گزشتہ برس ستمبر سے اس تنظیم کی سربراہی بھارت کے پاس ہے۔