سعودی خلائی سائنسدانوں کا 10 روزہ خلائی مشن مکمل،آج زمین پر اتریں گے

Published On 31 May,2023 09:54 am

ریاض : (ویب ڈیسک ) خلا میں سفرکرنے والی پہلی سعودی خاتون خلا باز ریانہ برناوی اور علی القرنی تاریخی خلائی مشن کی تکمیل کے بعد آج زمین پر واپسی پہنچیں گے۔

سعودی سپیس اتھارٹی نے ’ٹویٹر‘ پر ایک ویڈیو کلپ نشر کیا ہے جس میں سعودی خلابازوں کے سائنسی مشن کے اختتام کے بعد بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر آخری لمحات کو دکھایا گیا ہے۔

سعودی وقت کے مطابق شام چار بجے سعودی خلا باز بین الاقوامی سپیس سٹیشن سے نکل جائیں گے جبکہ امریکی خلائی ادارہ ناسا سعودی خلا بازوں کی سٹیشن سے روانگی اور زمین پر آمد تک براہ راست کارروائی دکھائے گا۔

دو سعودی خلابازوں اور ان کے ساتھی امریکیوں پیگی وائٹسن اور جان شوفنر کو لے کر "ڈریگن" نے واپسی کا سفر شروع کیا ہے جس میں پانی تک پہنچنے میں تقریباً 12 گھنٹے لگیں گے۔

 یاد رہے کہ 10 دن تک جاری رہنے والے خلائی مشن میں خلا بازوں نے متعدد تجربات کیے ہیں ۔ 

بین الاقوامی سپیس سٹیشن سے ایکس ٹو مشن کے لئے خلائی شٹل روانہ ہوئی تھی اس میں پہلی مرتبہ 2 سعودی خلا باز شامل تھے جن میں ایک ریانہ برناوی بھی تھیں جو خلا میں سفر کرنے والی پہلی سعودی خاتون بن چکی ہیں۔