امریکا میں طوفان سے نظام زندگی متاثر، مختلف حادثات میں 3 افراد ہلاک

Published On 16 June,2023 12:20 pm

نیویارک : (ویب ڈیسک ) امریکا میں طوفان سے نظام زندگی بری طرح متاثرہے اور مختلف حادثات میں تین افراد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوگئے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست اوکلا ہوما میں چار، ٹیکساس میں دو اور مشی گن میں ایک بگولے نے تباہی مچائی ، جبکہ اوہائیو اور فلوریڈا میں بھی طوفانی بگولوں کی اطلاعات ہیں۔

طوفانی گولے جہاں سے گزرے،تباہی کی داستان چھوڑ گئے، طوفان سے اوکلا ہومااور ٹیکساس میں گزشتہ روز 43 ہزار افراد کو بجلی کی فراہمی معطل رہی، بگولوں سے بجلی کے کھمبے گرنے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوا ہے، متعدد گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں اور کئی درخت اُکھڑ گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، دوسری جانب امریکی محکمہ موسمیات نے آج بھی شدید طوفان آنے کی پیش گوئی کی ہے ۔