انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان کی صدارتی دفتر میں باسکٹ بال کھیلتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ترک میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ترک صدر آسانی اور مہارت کے ساتھ گیند کو سنبھال کر باسکٹ میں پھینک رہے ہیں، اس سے قبل طیب اردوان سیاست میں آنے سے پہلے نیم پیشہ ورانہ سطح پر فٹ بال بھی کھیل چکے ہیں۔
رجب اردوان نے عید کے تیسرے روز یہ باسکٹ بال میچ کھیلا جس میں ان کے ارکان پارلیمنٹ اور دوسرے ساتھی بھی بطور کھلاڑی شریک تھے۔
واضح رہے کہ ترک میڈیا میں وقتاً فوقتاً طیب اردوان کی صحت کے بگڑنے کی خبریں آتی رہتی ہیں، جون کے اوائل میں ایک ترک صحافی کین اتاکلی نے ٹویٹر پر لکھا تھا کہ ڈاکٹر مبینہ طور پر مستقبل قریب میں اردوان کی کسی طبی مسئلے کی بنا پر سرجری کرنے کی تیاری کر رہے ہیں تاہم رجب طیب اردوان کی انتظامیہ نے ایسی خبروں کی تردید کی تھی۔