جینیوا: (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ نے فلسطین پر اسرائیلی فضائی حملے کی سختی سے مذمت کی ہے ۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے پاس فلسطین میں تشدد کی کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جنین پر اسرائیل کے فضائی حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، فضائی حملے قانون نافذ کرنے والے آپریشنز سے مطابقت نہیں رکھتے، اسرائیل بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے۔
اقوام متحدہ میں فلسطینی نمائندے نے اسرائیل میں بین الاقوامی حفاظتی فورس بھجوانے کا مطالبہ کردیا جس پر انتویو گوتیرس نے کہا مجھے نہیں لگتا کہ اسرائیلی حکومت اس مطالبے سے اتفاق کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا طریقہ کار طے کیا جائے کہ جس سے فلسطینی شہریوں کا تحفظ ممکن ہوسکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مغربی کنارے میں واقع جنین پناہ گزین کیمپ پراسرائیلی فضائیہ نے بڑا فضائی حملہ کیا تھا جس میں 9 فلسطینی شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
فضائی حملے کے بعد اسرائیل نے فلسطین میں کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا عندیہ دیا تھا جس پر مغربی کنارے میں قائم پناہ گزین کیمپ (جینین) سے ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔
مغربی کنارے میں حالیہ مہینوں میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے، گذشتہ برس بھی جنین شہر اور کیمپ پر اسرائیلی فوج کے متعدد چھاپے دیکھے گئے تھے۔