عراق: قرآن کی بیحرمتی پر سویڈش سفیر ملک بدر، مظاہرین نے سفارتخانہ جلا ڈالا

Published On 20 July,2023 08:46 pm

بغداد: (ویب ڈیسک) قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت کی اجازت دینے پر عراق نے سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کے خلاف عراق میں سویڈن کے سفارت خانے پر شدید احتجاج کیا گیا، غم اور غصے سے بھرے مظاہرین نے سفارت خانے پر دھاوا بول دیا۔

مظاہرین نے سویڈن کے سفارت خانے کو آگ لگا دی اور عوام نے سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ بھی کیا ، جس پر عراقی حکومت نے سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کردیا اور ساتھ ہی سویڈن میں عراق میں موجود اپنے چارج ڈی افیئرز کو بھی واپس بلا لیا۔

عراق کے وزیراعظم نے کہا کہ اگر دوبارہ سویڈن نے قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت کی تو سویڈن سے سفارتی تعلقات مکمل طور پر ختم کردیں گےم علاوہ ازیں عراقی سرزمین پر سویڈش ٹیلی کام کمپنی ایرکسن کا ورکنگ پرمٹ بھی معطل کر دیا۔

تاہم بعد ازاں عراقی حکومت کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ اگر ملک میں دوسری مرتبہ قرآن کو نذر آتش کیا گیا تو وہ سویڈن کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دے گی۔