سوڈان : فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جھڑپیں، 16 شہری ہلاک

Published On 23 July,2023 03:01 am

خرطوم : ( ویب ڈیسک ) سوڈان کی فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز ( آر ایس ایف ) کے درمیان جاری لڑائی کے دوران کم از کم 16 شہری مارے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان کے جنگ زدہ علاقے دارفور کے دارالحکومت نیالا میں فوج اور آر ایس ایف کے درمیان مختلف جھڑپوں میں مبینہ طور پر کم از کم 16 شہری مارے گئے ۔

رپورٹ کے مطابق مغربی دارفور میں سنائپرز کی جانب سے لوگوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں جبکہ دارفور بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ سنائپر نے کم از کم ایک شخص کو ہلاک کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 15 اپریل کو دارالحکومت خرطوم میں شروع ہونے والی جنگ اس مہینے کے آخر میں دارفور تک پھیل گئی ہے اور اس جنگ کے نتیجے میں کم از کم 3,000 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ مغربی دارفور کے علاقے سے فرار ہو کر ہمسایہ ملک چاڈ کی سرحد تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دارفور بار ایسوسی ایشن کو بھی خدشہ ہے کہ لڑائی پھیلے گی اور جنوبی دارفور کے دیگر حصے بھی اس میں شامل ہوں گے۔

دوسری جانب سوڈانی دارالحکومت خرطوم اور اس کے اطراف میں بھی لڑائیاں جاری ہیں، رہائشیوں کے مطابق ہفتے کے روز دارالحکومت کے بالکل جنوب میں واقع گیزیرہ ریاست کے شمال میں دیہاتوں پر فوج کی جانب سے فضائی حملے کئے گئے۔

علاوہ ازیں نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورس جنگجوؤں اور ہتھیاروں کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے دارفور اور خرطوم کی مرکزی سڑک پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔