مراکش: بدترین ٹریفک حادثے میں 24 افراد ہلاک

Published On 06 August,2023 10:23 pm

رباط: (ویب ڈیسک)مراکش کے وسطی صوبے ازیلال میں پیش آنے والے بدترین سڑک حادثے میں 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ہفتہ وار بازار لے جانے والی ایک منی بس قصبہ دمنات میں واقع ایک موڑ پر الٹ گئی،حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

مراکش اور شمالی افریقا میں واقع دیگر ممالک کی سڑکوں پراکثرمہلک حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔اس خطے میں سالانہ ہزاروں افراد سڑک حادثات کی نذر ہوجاتے ہیں۔

مارچ میں مراکش کے دیہی قصبے البراشوہ میں ایک منی بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے،ان میں زیادہ تر زرعی مزدور تھے،بہت سے غریب شہری دیہی علاقوں میں سفر کرنے کے لیے کوچ اور منی بسوں کا استعمال کرتے ہیں۔

گزشتہ سال اگست میں مراکش کے اقتصادی دارالحکومت کاسابلانکا کے مشرق میں واقع ایک موڑ پر ایک بس الٹ گئی تھی جس سے 23 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہو گئے تھے۔

نیشنل روڈ سیفٹی ایجنسی کے مطابق مراکش میں سالانہ اوسطاً 3500 افراد سڑک حادثات میں جانیں گنوا بیٹھتے ہیں اور 12000 افراد زخمی ہوتے ہیں۔گذشتہ سال حادثات میں مرنے والوں کی تعداد قریباً 3200 رہی تھی۔