روس طیارہ حادثہ، تحقیقاتی کمیٹی نے واگنر سربراہ کی ہلاکت کی تصدیق کردی

Published On 27 August,2023 07:39 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے تحقیقات کاروں نے غیرسرکاری ملیشیا واگنر کے سربراہ یوگینی پریگوژن کی طیارہ حادثے میں ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے اتوار کے روز کہا ہے کہ نیم فوجی گروپ واگنر کے سربراہ یوگینی پریگوژن کی گذشتہ بدھ کو طیارے کے حادثے میں موت کی تصدیق باضابطہ جینیاتی تجزیے سے ہوئی ہے۔

تحقیقاتی کمیٹی کی ترجمان سفیتلانا پیترینکو کا کہنا ہے کہ تفیر ریجن میں طیارہ حادثے کی تحقیقات کے حصے کے طور پر مالیکیولر جینیاتی معائنے مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ان کے نتائج کے مطابق تمام 10 ہلاک شدگان کی شناخت کی گئی ہے، وہ فلائٹ لسٹ میں بیان کردہ فہرست سے مطابقت رکھتے ہیں۔

ایمبریر پرائیویٹ جیٹ طیارے میں سوار دیگر نو افراد میں دمتری اُتکن بھی شامل تھے جو واگنر کی کارروائیوں (آپریشنز) کا انتظام کرتے تھے اور مبیّنہ طور پر روس کی ملٹری انٹیلی جنس میں بھی خدمات انجام دیتے تھے۔

ہنوز یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ بدھ کو اس طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں کریملن ملوث ہو سکتا ہے اور یہ واقعہ واگنر کی جانب سے ماسکو کی فوجی قیادت کے خلاف بغاوت کے ٹھیک دو ماہ بعد پیش آیا ہے۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو میں اس واقعے کو’المناک‘ قرار دیا اور اس سے متعلق تمام افواہوں کو’مکمل جھوٹ‘ قرار دیا۔