واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی جانب سے یوکرین کیلئے 250 ملین ڈالر کے نئے فوجی امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا گیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ یوکرین کیلئے اعلان کردہ 250 ملین ڈالر مالیت کے امدادی پیکیج میں جدید اسلحے، گولہ بارود اور بارودی سرنگوں کو ہٹانے والے آلات بھی شامل ہوں گے
انٹونی بلنکن نے مزید کہا ہے کہ یوکرین کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانا چاہتا ہے، امریکا یوکرین کو اب تک 43 ارب ڈالر سے زائد کی عسکری امداد دے چکا ہے۔
قبل ازیں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اتحادی ممالک ستمبر میں فوجی امداد کے نئے پیکجز کا اعلان کریں گے، ہماری بین الاقوامی سرگرمیاں کم نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی ممالک یوکرین کے لیے توپ خانے ، بکتر بند گاڑیاں، فضائی دفاع اور میزائلوں کے ساتھ ساتھ بارودی سرنگوں کو ہٹانے کے آلات پر مشتمل نئے دفاعی پیکجز کی ہماری ضروریات سے واقف ہیں، ہم فیصلوں کی توقع کر رہے ہیں۔