روس کے ہوائی اڈے پر ڈرون حملہ، 4 طیاروں میں آگ بھڑک اٹھی

Published On 30 August,2023 08:43 am

ماسکو: (ویب ڈیسک ) روس کے ہوائی اڈے پر ڈرون حملہ ہوا جس نتیجے میں چار طیاروں میں آگ لگ گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے مغربی شہر پسکوف کے ایک ہوائی اڈے پر ڈرون حملے میں روسی ٹرانسپورٹ طیاروں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ائر پورٹ پر بھی دھماکے، آگ لگنے اور فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی  نے بتایا کہ ڈرون حملے میں یوکرین کی سرحد سے تقریبا 800 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع پسکوف کے ہوائی اڈے پر چار آئی ایل-76 ہیوی ٹرانسپورٹ طیارے تباہ ہوئے۔

حملے کے بعد پسکوف ریجن اور اس کے اس کے انتظامی مرکز کے اوپر پروازیں محدود کر دی گئی ہیں ۔

دریں اثنابریانسک ریجن کے گورنر الیگزینڈر بوگوماز نے بتایا ہے کہ بریانسک ریجن میں تین جبکہ اوریول ریجن میں ایک حملہ آور ڈرون مار گرایا گیا ہے ، روس کے وسطی علاقوں ریازان اور کالوگا میں بھی ڈرون حملوں کی تصدیق کی گئی ہے ۔

ادھر بدھ کو علی الصبح یوکرین کے دارالحکومت کیف کے دو اضلاع میں متعدد دھماکے سنے گئے اور مقامی حکام کے مطابق ایک سرکاری عمارت میں آگ لگ گئی جس کو بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔

اس کے علاوہ یوکرین کے شہروں کریووئے روگ، اوڈیسا اور چرکاسی میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ یوکرین کو ڈنمارک اور ہالینڈ نے ایف-16 طیارے فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس کے بعد یوکرین نے روس پر ایک ہفتے میں تیسری بار ڈرونز حملے کیے ہیں۔