ابھی بھی وقت ہے دنیا کو بدترین تباہی سے بچایا جا سکتا ہے : اقوام متحدہ

Published On 07 September,2023 01:00 pm

جینیوا: (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تباہی شروع ہو گئی ہے لیکن ابھی بھی وقت ہے کہ دنیا کو بدترین تباہی سے بچایا جا سکے ۔

موضوع سے متعلق جاری کردہ تحریری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ سائنس دان ایک طویل عرصے سے فوسل ایندھن پر انحصار کے ممکنہ خطرات سے متنبہ کر رہے ہیں اور اب حالات یہ ہیں کہ موسمیاتی واقعات سے دنیا کا ہر گوشہ متاثر ہو رہا ہے۔

اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ ہمارا سیارہ شدید گرمی کے دور سے گزرا ہے، حالیہ موسم گرما اس وقت تک کا گرم ترین موسم گرما تھا، موسمیاتی تباہی کا آغاز ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ زمین کا بڑھتا ہوا درجہ حرارت اس معاملے میں مزید کارروائیوں کی ضرورت کی طرف اشارہ کر رہا ہے، عالمی رہنماؤں کو ماحولیاتی مسائل کے حل کے لئے متحرک ہونا چاہیے، ابھی بھی وقت ہے ماحولیاتی بحران کو بدترین شکل اختیار کرنے سے روکا جا سکتا ہے،اب ہمارے پاس ضائع کرنے کے لئے وقت نہیں رہاہے۔