صومالیہ میں نادرا کے اشتراک سے صومالی قومی شناختی نظام کا اجراء

Published On 17 September,2023 09:30 pm

موغادیشو: (دنیا نیوز) صومالیہ میں نادرا کے اشتراک سے شروع صومالی قومی شناختی نظام کا اجراء کردیا گیا۔

صومالیہ کے وزیر اعظم حمزہ عبدی بارے نے موغادیشو میں صومالیہ کے قومی شناختی کارڈ کا افتتاح کیا، یہ منصوبہ حکومت پاکستان کی طرف سے برادر ملک صومالیہ کو دی جانے والی ملٹی ملین ڈالر کی گرانٹ کا حصہ ہے۔

صومالیہ کے وزیر اعظم حمزہ عبدی اور صدر حسن ایم شیخ نے انمول تعاون پر وزیر اعظم پاکستان اور نادرا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین نادرا اسد رحمان گیلانی نے صومالیہ میں اپنے ہم منصب کوتہنیتی پیغام بھیجا جس میں انہوں نے کہا کہ نادرا کو صومالیہ کے قومی شناختی نظام کے کامیاب نفاذ اور اجراء پر بے حد فخر ہے۔

چیئرمین نادرا نے مزید کہا کہ صومالیہ کا نیشنل آئی ڈی سسٹم نہ صرف سکیورٹی نظام کو تقویت دے گا ، اس سے جامع ترقی، مالیاتی بااختیار بنانے اور بہتر طرز حکمرانی کی راہ بھی ہموار ہو گی۔