نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ عصر حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں دنیا کے ساتھ ملکر چلنا ہوگا۔
امریکی صدرجوبائیڈن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطورامریکی صدراپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہوں، عالمی تنازعات سے ایک بلین کے قریب آبادی متاثرہو رہی ہے، موجودہ چیلنجزسے نمٹنے کے لئے دنیا میں امن کی صورتحال کو بہتربنانا ہوگا۔
جوبائیڈن نے مزید کہا اقوام متحدہ دنیا میں امن کے قیام کے لئے اپنا کردارجاری رکھے، کوئی بھی ملک تنہا حالیہ چیلنجز سے نمٹ نہیں سکتا، دنیا میں اقوام متحدہ کے مختلف منصوبے امن سمیت مختلف شعبوں کی بہتری کے لئے کردار ادا کر رہے ہیں، مختلف ممالک کےدرمیان تنازعات کا پرامن حل نکلنا چاہئے۔
امریکی صدر نے کہا موجودہ مسائل حل کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں درکارہیں، دنیا متحد ہو کر ہی تمام انسانوں کی بہتری کا مشن پورا کرسکتی ہے، امریکا سب کے لئے محفوظ، خوشحال، مساوی دنیا کا خواہاں ہے۔