مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے چھاپے میں 2 فلسطینی شہید

Published On 24 September,2023 03:27 pm

غزہ:(ویب ڈیسک ) اسرائیلی فوج نےآج صبح مغربی کنارے میں ایک چھاپہ مار کارروائی میں مزید 2 فلسطینی نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی شناخت 21 سالہ اسید ابو علی اور 32 سالہ عبدالرحمان ابو دغاش کے نام سے ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ نور شمس پناہ گزین کیمپ میں ایک عمارت کو تباہ کیا گیا ہے جس میں عسکریت پسندوں کا کمانڈ سینٹر، بارودی مواد کا ذخیرہ اور بم بنانے کا کارخانہ بھی تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں نے سڑکوں کے نیچے نصب کئی بموں کو دھماکے سے اڑایا اور فوج پر فائرنگ کی، دھماکا خیز مواد پھینکا گیا۔

اسرائیلی فوج کے بقول جوابی فائرنگ میں دو فلسطینی نوجوان  جان کی بازی ہار گئے۔

یاد رہے کہ رواں برس اسرائیلی جارحیت میں اب تک  250 سے زائد فلسطینی نوجوان شہید ہوچکے  ہیں۔