حماس دہشتگرد تنظیم ہے: امریکی وزیر خارجہ، اسرائیل کا بھرپور ساتھ دینے کا عزم

Published On 13 October,2023 03:18 am

تل ابیب: (دنیا نیوز) امریکا حماس اسرائیل جنگ کے معاملے پر کھل کر سامنے آ گیا، اسرائیل کی حمایت اور مدد کیلئے امریکی وزیر خارجہ تل ابیب پہنچ گئے ہیں، انٹونی بلنکن نے حماس پر بچوں کو قتل اور نوجوانوں کو زندہ جلانے کا الزام لگا دیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے حماس کو دہشتگرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حماس کی حالیہ کارروائیوں نے داعش کی یاد تازہ کر دی، حملوں میں 25 امریکی ہلاک ہوئے ہیں، اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم یہیں ہیں، کہیں نہیں جا رہے۔

یہ بھی پڑھیں: حماس کے رہنماؤں اور غزہ کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کر دیا جائیگا: اسرائیلی آرمی چیف

انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیل کیلئے امریکی فوجی مدد آ رہی ہے، اسرائیل کی دفاعی ضروریات پوری کی جائیں گی، حماس فلسطینیوں کے مفاد کیلئے ہر گز کام نہیں کر رہی، حماس کا ایجنڈا اسرائیل اور یہودیوں کو ختم کرنا ہے، حماس کے حملوں کی کوئی وضاحت نہیں کی جا سکتی، حماس فلسطینیوں کی ترجمانی نہیں کرتی۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی حمایت پر انٹونی بلنکن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حماس سے ایسے نمٹنا ہو گا جیسے دنیا داعش سے نمٹ رہی ہے جو ملک حماس کا ساتھ دے اس پر پابندیاں لگنی چاہیئں۔