اسرائیلی سفاکیت کی انتہا، غزہ میں ہسپتال پر فضائی حملہ، 500 سے زائد فلسطینی شہید

Published On 18 October,2023 04:22 am

غزہ: (دنیا نیوز) جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل نے سفاکیت کی انتہا کر دی، صہیونی فوج نے غزہ کے ہسپتال پر بمباری کر کے علاج معالجے کیلئے موجود 500 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا جبکہ سیکڑوں شہری شدید زخمی ہیں۔

اسرائیل کے فضائی حملے میں ہسپتال کی عمارت زمین بوس ہو گئی، حملے کے بعد ہرطرف و چیخ و پکار سنائی دیتی رہی، حملے میں شہید ہونے والوں میں مریض، ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف شامل ہے، متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے شہادتیں بڑھنے کا خدشہ ہے، نشانہ بننے والے ہسپتال میں ہزاروں شہری علاج معالجے اور پناہ لینے کیلئے موجود تھے، قابض فوج نے اقوام متحدہ کی پناہ گاہ پر بھی فضائی حملہ کیا۔

صدر محمود عباس کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

فلسطینی اتھارٹی (PA) کے صدر محمود عباس نے غزہ میں الاحلی عرب ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا، مختلف سیاسی دھڑوں نے بھی مغربی کنارے میں فلسطینیوں سے ہسپتال پر مہلک اسرائیلی حملے کے خلاف بدھ کو تجارتی ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے۔

فلسطینی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ غزہ شہر کے الاحلی ہسپتال پر اسرائیلی حملہ 2008 کے بعد سے لڑی جانے والی 5 جنگوں میں سب سے مہلک اسرائیلی فضائی حملہ ہے، الاحلی عرب ہسپتال میں قتل عام ہماری تاریخ میں بے مثال ہے،اگرچہ ہم نے ماضی کی جنگوں اور دنوں میں سانحات کا مشاہدہ کیا ہے لیکن آج جو کچھ ہوا وہ نسل کشی کے مترادف ہے۔

نقل مکانی کرنے والوں پر بھی بمباری، 71 شہید

اسرائیلی فورسز کی جانب سے نقل مکانی کرنے والوں پر بھی بمباری کی جا رہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں رفاہ کراسنگ اور خان یونس میں حملوں کے دوران شہید ہونے والے افراد کی تعداد 71 ہو گئی، جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینی مصر کی طرف جا رہے تھے، صہیونی فوج کے حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 35 سو سے زائد ہو گئی جبکہ دس ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے غزہ پر زمینی، فضائی اور بحری حملہ بھی متوقع ہے، بکتر بند گاڑیاں اور بری افواج غزہ میں داخل ہونے کیلئے تیار ہیں، صیہونی فوج نے غزہ کے علاقے الزیتون کے مکینوں کو علاقہ چھوڑنے کی دھمکی دے رکھی ہے، اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے غزہ میں ضروریات زندگی کی تمام چیزیں ناپید ہو گئیں جبکہ فضا میں بارود کی بُھو کی وجہ سے سانس لینا بھی محال ہو گیا۔

ملبے تلے دبے افراد کی زندگی کے آثار ختم ہونے لگے

غزہ میں اسرائیلی بمباری کے بعد ملبے تلے دبے افراد کی زندگی کے آثار ختم ہونے لگے ہیں، ہزاروں مکانات تباہ،عمارتیں کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، غزہ میں 12 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے، صورتحال پر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، بھوک ، افلاس اور جان بچانے کی غرض سے نقل مکانی کرنے والے فلسطینی افراد فوری مدد کے منتظر ہیں۔

فلسطینی صدر نے امریکی صدر سے ملاقات منسوخ کر دی

فلسطینی صدر محمود عباس نے ہسپتال پر ہونے والے حملے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات منسوخ کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، واضح رہے کہ حماس اسرائیل تنازع پر فلسطینی صدر نے آج اردن میں امریکی صدر سے ملاقات کرنا تھی، اردن کے شاہ عبداللہ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے بھی ملاقات میں شریک ہونا تھا۔